اسلام آباد: اوگرا نے حکومتی پیٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 19 سے 21 ستمبر 2026 کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں کمی کردی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اوگرا نے حکومتی پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے، نئی قیمتیں 19 ستمبر سے 21 ستمبر 2026 تک لاگو ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 88 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی ایکس ڈپو قیمت 424 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 65 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے ، پیٹرول کی نئی قیمت 389 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں تبدیلی، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں
عالمی مارکیٹ میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ دنوں کمی دیکھی گئی ہے، تاہم دونوں اہم بینچ مارک 100 ڈالر فی بیرل سے اوپر ہیں۔
18 ستمبر کی ایشیائی تجارت میں برینٹ خام تیل تقریباً ایک فیصد کمی کے بعد 103.77 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 100.88 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اتار چڑھاؤ کی بڑی وجوہات میں مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، سعودی عرب کی تیل تنصیبات اور ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سے متعلق سپلائی خدشات اور آبنائے ہرمز میں تیل کی ترسیل کے خطرات شامل ہیں۔
رواں ہفتے کے دوران عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تقریباً 110 ڈالر فی بیرل کے قریب بھی پہنچ گئی تھیں تاہم بعد میں سعودی عرب کی جانب سے متبادل راستوں کے ذریعے تیل کی برآمدات بحال کرنے کی کوششوں کے باعث قیمتوں میں کمی آئی۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عالمی مارکیٹ کے نرخوں کے علاوہ دیگر عوامل بھی شامل ہوتے ہیں، اس لیے عالمی خام تیل کی قیمت میں کمی کا اثر مقامی قیمت پر براہ راست اور اسی تناسب سے منتقل ہونا ضروری نہیں۔



