عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بھی ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 11 ہزار300 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 4 لاکھ 49 ہزار 236 روپے ہو گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 9 ہزار 688 روپے اضافہ ہوا جس سے قیمت 3 لاکھ 85 ہزار 147 روپے پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 113 ڈالر اضافے کے بعد 4,268 ڈالر کا ہو گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں سونا مزید مہنگا ، قیمت 7 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی کی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ بھی دیکھنے میں آسکتا ہے۔ سرمایہ کار غیر یقینی معاشی حالات میں سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں، جس کی وجہ سے اس کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے اور قیمتیں اوپر چلی جاتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر، عالمی اقتصادی حالات اور بین الاقوامی مارکیٹ کا رجحان آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ماہرین نے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا ہے کہ سونے کی خرید و فروخت سے قبل مقامی اور عالمی مارکیٹ کے تازہ رجحانات پر نظر رکھیں، کیونکہ بین الاقوامی اقتصادی حالات میں معمولی تبدیلی بھی سونے کی قیمتوں پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔
