آبنائے ہرمز کے قریب ایک کارگو جہاز کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ عملے کا ایک رکن بھی لاپتا ہو گیا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے بحری سکیورٹی ذرائع سے رپورٹ کیا ہے کہ یہ “مینوآن پاینیر” نامی خشک کارگو لے جانے والا جہاز تھا جس پر لائبیریا کا پرچم آویزاں تھا۔
برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ گروپ وینگارڈ کے مطابق پروجیکٹائل جہاز کے انجن روم سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں رہائشی حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔ بیان میں کہا گیا کہ عملہ آگ بجھانے کی کوشش کر رہا تھا اور فوری مدد کا متقاضی تھا، جبکہ تھرڈ انجینئر کے لاپتا ہونے کی اطلاع ہے۔
رائٹرز کے ذرائع کے مطابق واقعہ عمان کے ساحل کے قریب پیش آیا جبکہ جہاز آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا۔
جہاز کے یونان میں قائم آپریٹر “موڈیون میری ٹائم مینجمنٹ” کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
