جڑواں شہروں میں مون سون کُھل کر برس رہا ہے جس کے باعث راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ ایک 6 سالہ بچہ بھی نالے میں ڈوب گیا جس کی تلاش جاری ہے۔
بچہ راولپنڈی گرجہ روڈ کے علاقے ملک کالونی کے ایک نالے میں ڈوبا جبکہ اس کے تلاش کے لیے دھمیال کیمپ کے علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
آپریشن میں 4 ایمرجنسی گاڑیاں اور 10 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں، ریسکیو اہلکاروں کو 2 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
نشیبی علاقوں کے علاوہ راولپنڈی کینٹ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا پانی گلیوں میں پانی داخل ہوگیا، جبکہ ڈھوک کھبہ کی مرکزی شاہراہ بھی پانی میں ڈوب گئی۔
شدید بارش کے بعد کئی مقامات پر آمدورفت متاثر ہوئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کا پانی کئی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، جس کے باعث گھروں میں موجود افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی رہائشیوں کے مطابق بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ شدید بارش کے دوران ایک ایمبولینس بھی پانی میں پھنس گئی، جس سے ہنگامی خدمات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب رحیم آباد پل کے نیچے بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس کی وجہ سے پل کے نیچے سے گزرنے والی ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
جب سے ہوش سنبھالا راولپنڈی میں ہر بارش کے بعد ہم نے یہ مناظر دیکھے ہیں ہر ساون میں یہئ ہوتا ہے نالہُ لئی میں طغیانی آتی ہے مال مویشی جانوں کا بھی نقصان ہوتا میرا ایک سٹوڈنٹ تھا گریجویشن کر رہا تھا وہ ایک بچے کی جان بچاتے ڈوب گیا تھا
جانے کب یہ درست ہوگا؟ pic.twitter.com/8cqVw6ghp0— RAShahzaddk (@RShahzaddk) August 3, 2026
مزید بارش کی پیشگوئی کو مدنظر رکھتےہوئےواسا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نالوں اور گٹروں میں کچرا نہ پھینکیں، مین ہولز کے ڈھکن نہ کھولیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر واسا ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جڑواں شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
