سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 21 عمرہ سروس کمپنیوں کی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق معطل کی جانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی گزشتہ عمرہ سیزن کے دوران کارکردگی کے تفصیلی جائزے کے بعد عمل میں لائی گئی۔
سعودی عرب نے عمرہ ویزوں کے اجراء کا اعلان کر دیا
وزارت کا کہنا ہے کہ بعض کمپنیوں کی جانب سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں نمایاں کمی دیکھی گئی جبکہ کئی ادارے مقررہ ضوابط اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب بھی پائے گئے۔
وزارت کے بیان کے مطابق معطل کی گئی 21 کمپنیوں میں سے 15 کمپنیاں مطلوبہ کارکردگی اور سروس معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہیں، جبکہ 6 کمپنیوں کے خلاف ریگولیٹری خلاف ورزیوں کی بنیاد پر کارروائی کی گئی اور انہیں اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے ایک جامع نظام نافذ ہے جس کے تحت آپریشنل، انتظامی اور نگرانی سے متعلق مختلف اشاریوں کی بنیاد پر خدمات کے معیار اور قواعد کی پابندی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اسی نظام کے تحت کمپنیوں کی درجہ بندی اور احتساب کیا جاتا ہے۔
حج 2027ء کے انتظامات کی تیاری فوری طور پر شروع
وزارت نے واضح کیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عمرہ سروس فراہم کرنے والے اداروں کے درمیان مثبت مسابقت کو فروغ دینا، خدمات کے معیار کو مزید بلند کرنا اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق زائرین کو محفوظ، آسان اور خوشگوار سفری و عبادتی تجربہ فراہم کرنا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزارت عمرہ زائرین اور مسجد نبویؐ کے مہمانوں کے حقوق کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے اور ایسی کسی بھی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو زائرین کی سہولت یا ان کے حقوق کو متاثر کرے۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق عمرہ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی مسلسل نگرانی اور باقاعدہ جانچ پڑتال مستقبل میں بھی جاری رہے گی تاکہ شعبے میں بہتری، شفافیت اور اعلیٰ معیار کی خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔
