بشریٰ انصاری نے ان کی عمر پر تنقید کرنے والے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کچھ نیا سوچیں کیوں کہ سوشل میڈیا پر کچھ افراد کے پاس شاید عمر کے سوا کوئی اور موضوع نہیں ہے۔
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر اپنی عمر اور ظاہری شکل سے متعلق مسلسل تنقید کرنے والوں کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ناقدین کو اب پرانے طعنے دہرانے کے بجائے کوئی نیا موضوع تلاش کرنا چاہیے۔
بشریٰ انصاری اپنی بھانجی اور اداکارہ زارا نور عباس کی انسٹاگرام اسٹوریز میں گفتگو کر رہی تھیں، جہاں انہوں نے کہا کہ بعض لوگ ہر وقت دوسروں کو “بوڑھا” یا “موٹا” کہنے میں مصروف رہتے ہیں حالانکہ یہ رویہ نہ صرف غیر ضروری بلکہ عجیب بھی ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ افراد کے پاس تنقید کے لیے شاید عمر کے سوا کوئی اور موضوع ہی نہیں بچا۔
View this post on Instagram
گفتگو کے دوران جب اداکار اسد صدیقی نے پوچھا کہ وہ کن لوگوں کی بات کر رہی ہیں تو بشریٰ انصاری نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ ایسے ناقدین کے سوشل میڈیا پروفائلز پر اکثر پرندوں کی تصاویر لگی ہوتی ہیں۔ ان کی یہ بات سن کر محفل میں موجود افراد بھی مسکرا دیے۔
اس موقع پر اداکارہ اسما عباس نے بھی گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی اپنی عمر سے متعلق ایک جیسے تبصرے بار بار سن کر اکتا چکی ہیں۔ دونوں بہنوں کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنا ایک فطری عمل ہے اور اسے تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔
بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ممکن ہے کچھ لوگ اس بات پر حسد کرتے ہوں کہ وہ اور ان کی بہن عمر کے اس مرحلے میں بھی متحرک، مصروف اور خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں جب کہ تنقید کرنے والے خود اپنی زندگی میں مثبت سرگرمیوں سے دور ہیں۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شاید اب انہیں کوئی ایسا انوکھا کام کرنا پڑے جس پر لوگ واقعی بات کریں کیونکہ فی الحال ناقدین کے پاس ان کی عمر کے علاوہ کوئی موضوع نہیں۔
