لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے لوئر مال کے علاقے میں ایک ایسی گاڑی کو تحویل میں لے لیا جس پر 98 ہزار 500 روپے کے ای چالان واجب الادا تھے۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک انسپکٹر نے معمول کی چیکنگ کے دوران گاڑی کا ریکارڈ اے این پی آر (آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن) سسٹم کے ذریعے چیک کیا تو معلوم ہوا کہ گاڑی پر مجموعی طور پر 98 ہزار 500 روپے کے جرمانے بقایا ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ گاڑی کے خلاف متعدد ٹریفک خلاف ورزیوں پر ای چالان جاری کیے گئے تھے۔
ریکارڈ کے مطابق ڈرائیور نے چار مرتبہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی جبکہ کئی بار لین لائن کی خلاف ورزی کا بھی مرتکب پایا گیا، جس کے باعث جرمانوں کی مجموعی رقم بڑھ گئی۔
ٹریفک انسپکٹر غلام مصطفیٰ ورک کے مطابق گاڑی کو روکنے کے بعد مالک کو بقایا جرمانوں کی ادائیگی کا کہا گیا۔ جرمانہ ادا کیے جانے کے بعد ضابطے کے مطابق گاڑی کو چھوڑ دیا گیا۔
لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں جدید اے این پی آر کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
مریم نواز کا بڑا تعلیمی پیکیج، ہر تحصیل میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کرنے کا اعلان
اس نظام کے تحت 20 سے زائد مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار انداز میں ای چالان جاری کیے جا رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، بروقت ای چالان ادا کریں اور محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دیں تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
