اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وفود کا خواتین سے متعلق 9ویں وزارتی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔
دو روزہ کانفرنس حکومتِ پاکستان کی میزبانی میں کل سے وزارتِ انسانی حقوق کے تحت منعقد ہو رہی ہے، جس کا موضوع “او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام: چیلنجز اور آگے کا راستہ” رکھا گیا ہے۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے وفود کا استقبال وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق اور پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف فرح ناز اکبر سمیت وزارتِ انسانی حقوق اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔
Warm welcome to all delegates arriving for the 9th OIC Ministerial Conference on Women in Islamabad. We wish you productive discussions & a memorable stay in Islamabad. pic.twitter.com/LpkSKrhHrq
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 11, 2026
کانفرنس میں خواتین اور خاندانی امور کے ذمہ دار وزراء، سینئر سرکاری حکام، او آئی سی کے اداروں کے نمائندگان، بین الاقوامی تنظیمیں اور ترقیاتی شراکت دار شریک ہوں گے، جہاں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانے سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
وزیر قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ پاکستان کی جانب سے 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی صدارت کریں گے۔
اسلام آباد ،نویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کیلئے رکن ممالک کے وفود کی آمد pic.twitter.com/5AupRcUTIo
— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 11, 2026
پاکستان بطور چیئرمین کانفرنس کی کارروائی کی قیادت کرے گا اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور اتفاقِ رائے کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔
یاد رہے کہ خواتین سے متعلق 8ویں وزارتی کانفرنس 6 سے 8 جولائی 2021 کو مصر کے دارالحکومت میں منعقد ہوئی تھی۔
اس کانفرنس کا تھیم “کوویڈ-19 کی وبا اور اس کے بعد کے حالات میں صنفی مساوات کی کامیابیوں کا تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانا” تھا اور پاکستان نے اس میں بھرپور شرکت کی تھی۔
