پاکستان اور قطر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتکاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال، حالیہ کشیدگی اور امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
خوشگوار اور پرتپاک ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حالیہ حملوں کے تناظر میں قطر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو خطے کے امن و استحکام کو متاثر کر سکتا ہو۔
Islamabad: 10 July 2026.
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif held a warm and cordial telephone conversation today with the Amir of the State of Qatar, His Highness Sheikh Tamim bin Hamad Al Thani.
During their discussion, the Prime Minister expressed his deep concern over… pic.twitter.com/GBbjyE6WPm
— Prime Minister's Office (@PakPMO) July 10, 2026
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad Memorandum of Understanding) تک پہنچنے اور برگن اسٹاک میں اعلیٰ سطحی تکنیکی مذاکرات کے پہلے دور کے انعقاد کے لیے کی جانے والی امن کوششوں میں قطر کے مستقل اور غیرمتزلزل تعاون پر امیرِ قطر کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے علاقائی امن، مذاکرات اور اعتماد سازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی روابط اور بامعنی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا ناگزیر ہے۔ دونوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت تمام فریقین کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور استحکام کو فروغ دیا جا سکے۔
امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، کی جانب سے خطے میں امن کے قیام اور سفارتی کوششوں میں ادا کیے جانے والے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے یقین دلایا کہ قطر خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے، مشترکہ دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
