وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
گرمجوشی اور خیرسگالی کے ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کی فوری بحالی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ایران سمیت تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔
وزیراعظم نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے آگے باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک دیرپا اور مؤثر فریم ورک فراہم کرتی ہے۔
Islamabad: 10 July 2026.
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif held a telephone conversation today with the President of the Islamic Republic of Iran, H.E. Dr. Masoud Pezeshkian.
During their warm and cordial conversation, the Prime Minister expressed deep concern over the… pic.twitter.com/M5EDtuCdtm
— Prime Minister's Office (@PakPMO) July 10, 2026
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان مذاکرات کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن مخلصانہ اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دیگر سینئر پاکستانی رہنماؤں کی جانب سے مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں اور تعمیری تعاون کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ان فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ایران کی درخواست پر امریکا کا بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق، مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا، ٹرمپ
وزیراعظم شہباز شریف نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لیے بھی اپنی نیک تمناؤں اور احترام کا اظہار کیا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے، مشترکہ دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے اور خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔
