نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین راجپال یادیو کو دہلی ہائی کورٹ نے چیک باؤنس کیس میں تین ماہ قید کی سزا برقرار رکھتے ہوئے شکایت کنندہ کو کروڑوں روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت نے سات مختلف مقدمات میں راجپال یادیو کو تین، تین ماہ قید کی سزا سنائی، تاہم تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی، جس کے باعث انہیں مجموعی طور پر تین ماہ قید کا سامنا کرنا ہوگا عدالت نے اداکار کو فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت بھی فراہم کی ہے۔
جسٹس سورنا کانتا شرما نے اپنے فیصلے میں راجپال یادیو کو ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے بطور ہرجانہ ادا کرنے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ انہیں شکایت کنندہ کو ایک کروڑ چار لاکھ روپے اور ریاست کو 25 ہزار روپے بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے عدالت نے راجپال یادیو اور ان کی اہلیہ رادھا یادیو کو بھی ہر مقدمے میں شکایت کنندہ کو 5 لاکھ 51 ہزار روپے ادا کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے واضح کیا کہ راجپال یادیو کی جانب سے پہلے ہی ادا کیے گئے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے مجموعی واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔
عامر خان کی شادی اور سادگی؛ 40 ہیرے، نایاب یاقوت، اور 131 کاریگروں کی مدد سے صرف انگوٹھی بنی
عدالت نے مقدمے کے دوران اداکار کے طرزِ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں پروبیشن کا فائدہ دینے سے انکار کر دیا اور ٹرائل کورٹ کی جانب سے عائد کردہ جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت کی۔ عدالت نے خبردار کیا کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں انہیں مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
یہ مقدمہ 2010 میں اس وقت شروع ہوا جب راجپال یادیو نے اپنی فلم ‘اتا پتہ لاپتہ’ کی تیاری کے لیے ایک مالیاتی ادارے سے 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا۔
فلم باکس آفس پر ناکام ہونے کے بعد قرض کی ادائیگی نہ ہو سکی اور معاملہ عدالت تک جا پہنچا۔ 2018 میں ٹرائل کورٹ نے بھی انہیں چیک باؤنس کیس میں قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی، جسے اب دہلی ہائی کورٹ نے برقرار رکھا ہے۔
