اسلام آباد، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 7 سے 9 جولائی کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں، خصوصاً جے ایس آر/سکردو-رونڈو روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ موسمی صورتحال ادارے کی جانب سے جاری کیے گئے پیشگی موسمی جائزے کے عین مطابق ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مسلسل بارشوں اور زمینی کٹاؤ کے باعث مختلف مقامات پر مٹی اور پتھروں کے تودے گرنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
الرٹ کے مطابق آئندہ دو روز کے دوران سکردو اور اس سے ملحقہ علاقوں، بشمول برومدو نالہ، چمچو، مالوپا، ڈمبوڈاس، ٹورمک اور ہراموش سیکشن میں مقامی سطح پر لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔
اس کے علاوہ مقامی ندی نالوں میں کٹاؤ، مٹی کے بہاؤ اور پتھروں کے سرکنے کے باعث شاہراہوں پر سفر مزید خطرناک ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر تمام ممکنہ خطرات کی مسلسل نگرانی، پیشگی تشخیص اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر مکمل تیاری رکھنے اور فوری ردعمل کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
مون سون بارشوں کی شدت زیادہ ہوگی،ڈائریکٹر محکمہ موسمیات
این ڈی ایم اے نے عوام، بالخصوص مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ پہاڑی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے راستوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خطرناک ڈھلوانوں کے قریب احتیاط برتیں اور سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے متعلق تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔
ادارے نے مستند اطلاعات اور حفاظتی ہدایات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
