وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ تعلیمی ادارے چلانے والوں پر قانون کے مطابق 3 لاکھ روپے سے لے کر 40 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
پنجاب حکومت نے غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں اور اکیڈمیز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ایک ہی روز میں 744 غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
حکام کے مطابق نوٹسز میں اسکولوں اور اکیڈمی مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تین روز کے اندر اپنی رجسٹریشن مکمل کرائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف پنجاب کے متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
باغبان پورہ اسکول حادثہ، وزیر تعلیم پنجاب کا بڑا ایکشن، رپورٹ طلب، تحقیقات کا حکم
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ صوبے میں ہر نجی تعلیمی ادارے کے لیے رجسٹریشن لازمی ہے اور رجسٹریشن کے بغیر اسکول یا اکیڈمی چلانا قانوناً جرم ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد نجی تعلیمی اداروں کو بند کرنا نہیں بلکہ انہیں قانونی دائرہ کار میں لا کر طلبہ کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ تمام غیر رجسٹرڈ اسکولوں اور اکیڈمی مالکان کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر رجسٹریشن کے لیے درخواستیں جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
معصوم بچوں کی ہلاکت ناقابل تلافی نقصان ہے،وزیر تعلیم پنجاب
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ تمام نجی اسکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور عملے کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت تعلیمی اداروں میں حفاظتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق رجسٹریشن مہم کا مقصد صوبے بھر میں نجی تعلیمی اداروں کا مکمل ریکارڈ مرتب کرنا، تعلیمی معیار کو بہتر بنانا اور حفاظتی تقاضوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت گزرنے کے بعد بھی رجسٹریشن نہ کرانے والے اداروں کے خلاف جرمانوں سمیت مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
