پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو-5 (SMW-5) سب میرین کیبل میں پیدا ہونے والی خرابی مکمل طور پر دور کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مرمت کے دوران صارفین کو کم سے کم متاثر کرنے کے لیے بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کیا گیا تھا، جبکہ متبادل رابطوں کے استعمال سے براڈ بینڈ خدمات کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس دوران ادارے کا ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (Transworld Associates) کے ساتھ مسلسل رابطہ رہا تاکہ خرابی کو جلد از جلد دور کیا جا سکے اور صارفین کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان کے بین الاقوامی انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور مستقبل میں بھی محفوظ، قابلِ اعتماد اور بلا تعطل براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔
(Cont’d): PTA continues to closely monitor the resilience and performance of Pakistan’s international connectivity infrastructure to ensure the reliable, secure, and uninterrupted provision of telecommunications and broadband services nationwide.#PTA #InternetUpdate #SMW5… pic.twitter.com/W7ii6wOthq
— PTA (@PTAofficialpk) July 3, 2026
پی ٹی اے نے صارفین کو یقین دلایا کہ ملک میں انٹرنیٹ خدمات کے استحکام اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں براڈ بینڈ اور انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ سروس کا معیار مجموعی طور پر بہتر ہو رہا ہے، حالانکہ بین الاقوامی سب میرین کیبلز میں خرابی یا مینٹیننس کے باعث کبھی کبھار انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی آ جاتی ہے۔
پاکستان میں 5 جی (5G) کا باضابطہ آغاز مارچ 2026 میں کیا گیا۔ ابتدائی طور پر یہ سروس بڑے شہروں جیسے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں متعارف کرائی گئی جس سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کئی گنا اضافہ ہوا اور جدید ڈیجیٹل معیشت اور کلاؤڈ بیسڈ سروسز کو تقویت ملی ہے۔
