ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو فائیو (SMW-5) سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک میں بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہوئی ہے، جس کی وجہ سے بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں عارضی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق خرابی کے باعث وقتاً فوقتاً انٹرنیٹ سروس کے معیار میں کمی آنے کا امکان ہے تاہم صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔
اتھارٹی نے بتایا کہ ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس (TWA) اور ایس ایم ڈبلیو فائیو کنسورشیم تکنیکی خرابی دور کرنے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں جبکہ خرابی کی بنیادی وجہ اور مکمل بحالی کے وقت کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے، جس کے باعث انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی بدستور جاری ہے، اگرچہ بعض علاقوں میں رفتار متاثر ہو سکتی ہے۔
پنجاب حکومت کا جمعہ کی تعطیل کے بارے میں اہم فیصلہ
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ اداروں اور سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ خدمات کی جلد از جلد مکمل بحالی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
