واشنگٹن، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو کے رکن ممالک کے دفاعی اخراجات پر ایک بار پھر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نیٹو پر کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں کہیں زیادہ خرچ کرتا ہے جبکہ دیگر اتحادی ممالک امریکی تحفظ سے فائدہ اٹھاتے ہیں مگر اپنے دفاع پر مناسب سرمایہ کاری نہیں کرتے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نیٹو کے رکن ممالک کی حفاظت کرتا ہے، لیکن اس کے بدلے میں اسے کوئی متناسب فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال مزید برقرار نہیں رہنی چاہیے اور اتحادی ممالک کو اپنی ذمہ داریاں خود بھی پوری کرنا ہوں گی۔
انہوں نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کا سالانہ دفاعی بجٹ 999 ارب ڈالر ہے جبکہ برطانیہ کا دفاعی بجٹ صرف 90.5 ارب ڈالر ہے۔ اسی طرح فرانس 66.5 ارب ڈالر، اٹلی 48.8 ارب ڈالر اور پولینڈ 44.3 ارب ڈالر دفاع پر خرچ کرتے ہیں۔
پاکستان این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے پر نظرثانی کرے ، عالمی بینک
انہوں نے کہا کہ جرمنی سمیت کئی دیگر نیٹو ممالک کے دفاعی اخراجات اس سے بھی کم ہیں، جسے انہوں نے “مضحکہ خیز” قرار دیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ نیٹو اتحادیوں کو اپنی دفاعی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنا چاہیے تاکہ بوجھ صرف امریکا پر نہ پڑے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب نیٹو کے رکن ممالک کے درمیان دفاعی اخراجات میں اضافے اور ذمہ داریوں کی منصفانہ تقسیم پر مسلسل بحث جاری ہے۔
