الیکشن کمیشن نے بنیادی اصولوں کو پامال کیا،سعدرفیق

فائل:فوٹو


لاہور: مسلم لیگ نواز کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں بنیادی اصولوں کو پامال کیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر کو پولنگ اسٹیشنزکی تعداد بڑھانے کے لیے کہا تھا مگر ان کی بات نہیں سنی گئی جس کے نتیجے میں عوام حبس اور گرمی میں چھ چھ گھنٹے انتظار کرتے رہے۔

سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 131 لاہور سے الیکشن لڑنا ان کا اپنا فیصلہ تھا تاہم اس حلقے کو تین حلقوں میں تقسیم کیا گیا جس کا مقصد عمران خان کو فائدہ پہنچانا تھا۔

سعد رفیق نے مزید کہا کہ عمران خان نے دو دن پہلے تقریر میں بڑے بڑے دعوے کیے لیکن اپنے حلقے میں وہ دوبارہ گنتی کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں ان کی 40 ہزار ووٹوں کی برتری تھی، تحریک انصاف نے دھاندلی کا شور مچایا اور اسلام آباد کا گھیراؤ کر کے ان کے حلقہ کے تھیلے کھلوائے۔

انتخابی مہم پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  لوگوں کو گالیاں دینا اور جھوٹ بولنا سیاست دانوں کا کام نہیں ہے۔ مسلم لیگ نون نے لڑائی نہیں کی بلکہ صبراوربرداشت سے انتخابی مہم چلائی، اس کے برعکس پی ٹی آئی نے لڑائی میں کوئی کسرنہیں چھوڑی۔


متعلقہ خبریں