ہیکرز نے تین بھارتی نیوز چینلز کو ہیک کرکے صدر کی تقریر کے دوران پاکستانی قومی ترانہ نشر کر دیا۔
نامعلوم ہیکرز نے بھارتی نیوز چینلز TV9 Telugu ، Freedom TV Kannada اور اے بی پی نیوز کو ہیک کیا اور چینلز کے نشریاتی نظام تک رسائی حاصل کی۔
ہیکرز نے بھارتی صدر کی تقریر کے دوران TV9 Telugu پر پاکستانی قومی ترانہ نشر کیا جب کہ اس دوران ایک پیغام بھی چلایا گیا جس میں ہیکرز کی جانب سے تنبیہ کی گئی کہ پاکستان سے چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے۔
رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد دونوں چینلز کی نشریات متاثر ہوئیں، TV9 Telugu کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ جب کہ Freedom TV Kannada کے 10 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔
اس کے علاوہ ہیکرز نے بھارتی نیوز چینل اے بی پی نیوز کو ہیک کرکے اس کی نشریات معطل کر دیں ، بھارتی چینل اے بی پی نیوز کے اینڈرائیڈ اور آئی اوایس ایپس کو بھی ہیک کر لیا گیا۔
ہیکرز نے اے بی پی کے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر قرآنی آیت اور ویڈیو بھی دکھائی۔
اے بی پی نیوز کے یوٹیوب پر 15 ملین سبسکرائبرز جبکہ ماہانہ ویورشپ کا اندازہ 124 ملین ہے ، 1998میں قائم ہونے والا اے بی پی نیوز پہلے اسٹار نیوز کے نام سے جانا جاتا تھا۔
ماہرین کے مطابق بھارت جو آئی ٹی گرو ہونے کے دعوے کرتا ہے اس کے چینلزپر یکے بعد دیگرے حملوں نے اسکی سائبرسکیورٹی کا پول کھول دیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیکنگ کے ایسے واقعات نے بھارت کی سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل تحفظ کے دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا دیئے ہیں،یہ سائبر حملے بھارت کی مجموعی سیکیورٹی خصوصاً آئی ٹی کے شعبے کے ناقص انتظام کو بے نقاب کر رہے ہیں۔
