پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان اور اداکار توثیق حیدر اور سینئر اداکارہ و میزبان فرح سعدیہ کی مبینہ شادی کی تصاویر گزشتہ روز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، جس کے بعد دونوں کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں تاہم دونوں فنکاروں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اصل حقیقت واضح کر دی۔
وائرل تصاویر میں توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کو دلہا اور دلہن کے روپ میں دکھایا گیا تھا، لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ یہ تصاویر مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی تھیں۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں حقیقی سمجھ کر شادی کی مبارکباد دینا بھی شروع کر دی۔
افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے دونوں فنکاروں نے ایک ویڈیو پیغام میں مزاحیہ انداز اپنایا۔ توثیق حیدر نے کہا کہ انہیں صبح اٹھ کر معلوم ہوا کہ ان کی شادی ہو چکی ہے اور وہ خود بھی اپنی “شادی” کی تصاویر دیکھ کر حیران رہ گئے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر یوٹیوبرز نے ان جھوٹی خبروں سے لاکھوں روپے کمائے ہیں تو انہیں بھی “سلامی” بھیج دینی چاہیے۔
View this post on Instagram
فرح سعدیہ نے بھی جعلی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی افواہیں نہ صرف فنکاروں بلکہ ان کے اہلِ خانہ، بچوں اور والدین کو بھی متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ان سے سوالات کرتے ہیں اس لیے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
دونوں فنکاروں نے واضح کیا کہ وہ صرف اچھے دوست اور پیشہ ور ساتھی ہیں، ان کی شادی نہیں ہوئی ، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر مکمل طور پر جعلی ہیں۔ انہوں نے AI کے ذریعے ایسی تصاویر بنانے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنی صلاحیتیں مثبت اور تعمیری مقاصد کے لیے استعمال کرنی چاہئیں۔
توثیق حیدر پاکستان کے نامور سینئر ٹی وی اور ریڈیو میزبانوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز 1987 میں ریڈیو پاکستان سے بطور نیوز کاسٹر کیا اور پاکستان کے پہلے ایف ایم ریڈیو کی ابتدائی آواز بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ٹی وی میزبانی کے میدان میں نمایاں مقام بنایا۔
انہوں نے اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ متعدد مقبول ڈراموں میں ان کی جاندار پرفارمنس نے ناظرین کی بھرپور پذیرائی حاصل کی اور انہیں شوبز انڈسٹری کی ایک معتبر شخصیت کے طور پر پہچان دلائی۔
فرح سعدیہ پاکستان کی معروف اداکارہ اور تجربہ کار ٹی وی میزبان ہیں، جنہوں نے ڈرامہ “بندھن” کے ذریعے ناظرین میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔ اس کامیابی کے بعد وہ متعدد ہٹ ڈراموں کا حصہ بنیں اور اپنی بہترین اداکاری سے شائقین کی داد سمیٹی۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے برسوں تک مختلف مارننگ شوز کی میزبانی کی، جہاں ان کے پُراعتماد انداز، شائستہ گفتگو اور منفرد پیشکش نے انہیں پاکستان کی نمایاں ٹی وی شخصیات میں شامل کر دیا۔
