فیفا ورلڈ کپ میں میکسیکو کی کامیابی کا جشن منانے کے دوران 2 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔
فیفا ورلڈ کپ میں میکسیکو کی فتح کا جشن اس وقت افسوسناک سانحے میں بدل گیا جب میکسیکو سٹی میں ہجوم کے دوران دم گھٹنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مقامی حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 19 سالہ خاتون اور 44 سالہ مرد شامل ہیں، جن کی موت ہجوم کے دباؤ اور آکسیجن کی کمی کے باعث ہوئی۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میکسیکو کی ٹیم نے ایکواڈور کو 2-0 سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 16 میں جگہ بنائی، جس کے بعد لاکھوں شائقین جشن منانے کے لیے میکسیکو سٹی کی سڑکوں، خصوصاً اینجل آف انڈیپنڈنس کے اطراف جمع ہوگئے تھے۔
Incredible scenes in Mexico City after Mexico knocked out Ecuador 🇪🇨 🤯🤯! The celebrations were absolutely unreal! #MEXECU #WorldCup pic.twitter.com/sCdLwSkixp
— The Final Whistle (@Rufus_45) July 1, 2026
حکام نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ بعض مقامی میڈیا رپورٹس میں ایک اور ہلاکت کا بھی ذکر کیا گیا ہے، تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ میکسیکو کی ٹیم نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اب تک 4 میچ کھیلے اور چاروں میں فتح حاصل کر کے اب ٹورنامنٹ کے راؤنڈ آف 16 (فائنل 16) میں پہنچ چکی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میکسیکو کی ٹیم نے اس ورلڈ کپ میں اب تک ایک بھی گول نہیں کھایا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 8 گول اسکور کیے ہیں اور چاروں میچز میں ‘کلین شیٹ’ برقرار رکھی ہے۔
راؤنڈ آف 32 کے ناک آؤٹ میچ میں ایکواڈور کو شکست دیکر ٹیم نے 40 سال بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں پہلی جیت حاصل کر کے تاریخ رقم کی ہے۔
میکسیکو کا اگلا مقابلہ راؤنڈ آف 16 میں انگلینڈ یا ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (DR Congo) کے درمیان جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔ یہ میچ اتوار 5 جولائی 2026 کو میکسیکو سٹی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
