مرکز اور پنجاب میں حکومت بنائیں گے، نعیم الحق کا دعویٰ

مرکز اور پنجاب میں حکومت ہم بنائیں گے، نعیم الحق | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی مرکز کے علاوہ پنجاب اسمبلی میں بھی حکومت بنائے گی۔

ذرائع ابلاغ (میڈیا) کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکز میں حکومت بنانے کا حق ہمارا ہے اور اس کے لیے رابطے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتخابات میں شکست کھانے والے لوگ منفی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بڑی پارٹیوں کی طرح ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب حلف برداری کا بائیکاٹ نہ کریں۔

نعیم الحق کا کہنا تھا افغان صدر اشرف غنی نے عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو افغان صدر نے دورہ افغانستان کی بھی دعوت دی ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے متعلق کہی جانے والی باتوں میں رتی برابر صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضمن میں پھیلائی جانے والی تمام افواہیں جھوٹی ہیں۔

نعیم الحق نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے متعلق جو بھی فیصلہ قیادت کرے گی اس کا اعلان کردیا جائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے جن ایم پی ایز اور ایم این ایز کے پاس ایک سے زائد سیٹیں ہیں ان کے متعلق بھی ایک دو دن میں فیصلہ ہوجائے گا۔


متعلقہ خبریں