ملک بھر میں آج سے 6 جولائی کے دوران مون سون بارشوں کا امکان ہے ، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان،آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں بارش متوقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات اور گجرات سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش متوقع ہے،شمال مشرقی پنجاب میں موسلادھار بارش سے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
پنجاب:
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ راجن پور، لیہ اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش متوقع ہے ، اسی طرح ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی 3سے 5جولائی کےدوران بارش کاامکا ہے۔
خیبر پختونخوا
خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ہے،دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
سندھ:
این ڈی ایم اے کے مطابق لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، خیرپور اور شہید بینظیر آباد میں 3 جولائی سے بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان:
بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی اور ڈیرہ بگٹی میں بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر اور غذر میں بھی بارش کاامکان ہے۔
مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، بھمبر اور میرپور میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نوٹم جاری:
مون سون کے دوران لاہور ائرپورٹ پر فضائی حفاظت کے خصوصی اقدامات نافذ کردئیے گئے،جاری نوٹم میں پرندوں کی بڑھتی سرگرمی کے پیش نظر پائلٹس کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

5 جولائی سے 15 ستمبر تک روزانہ صبح 5:01 سے 8:00 بجے رن ویز دستیاب نہیں ہوں گے،عارضی آپریشنل اقدامات سے شیڈول کمرشل پروازیں متبادل اوقات میں آپریٹ ہوں گی،ہنگامی لینڈنگ کی سہولت بدستور دستیاب رہے گی۔
