کابینہ ڈویژن نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں قائم وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے آج 23 جون کو ورک فرام ہوم کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ریڈ زون میں قائم تمام وزارتیں اور ڈویژنز 23 جون کو گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کریں گی، تاہم اہم سرکاری ادارے اور وزارتیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور اپنے فرائض سرانجام دیں گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق وزیرِ اعظم آفس، کابینہ ڈویژن اور فنانس ڈویژن معمول کے مطابق کام کریں گے۔ اسی طرح وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، وزارتِ قانون، وزارتِ تجارت اور وزارتِ صنعت و پیداوار کے دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزارتِ پارلیمانی امور، پلاننگ ڈویژن، سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں بھی معمول کے مطابق دفتری امور جاری رہیں گے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ بند، ریڈ زون بندش کے باعث عدالتی کارروائی معطل
غیر ملکی وفد کی آمد کے باعث اسلام آباد ہائیکورٹ بھی آج بند رہے گی ، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق آج کی تمام کاز لسٹس منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ افسران اور اہلکاروں کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
سیرینا ہوٹل اور ریڈ زون کے اطراف ٹریفک پابندیاں ختم
یہ نوٹی فکیشن چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی منظوری سے رجسٹرار محمد یار ولانہ کی جانب سے جاری کیا گیا۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریڈ زون کی بندش کے باعث سائلین، وکلاء اور عدالتی عملے کو ہائیکورٹ پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں کوئی عدالتی کارروائی نہیں ہو گی۔تاہم اسلام آباد کی ضلعی عدالتیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور کام جاری رکھیں گی۔
مزید برآں، تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر اسٹیشن نہ چھوڑیں۔
وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد میں عدالتی کام معطل
ریڈ زون کی بندش کے باعث وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد پرنسپل سیٹ میں آج کوئی عدالتی کام نہیں ہوگا جبکہ آج کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وکلاء، سائلین اور عدالتی عملے کو درپیش مشکلات کے پیش نظر آج تمام عدالتی کارروائیاں معطل رہیں گی۔ عدالت نے تمام افسران اور عملے کو گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عدالتی عملہ اور افسران پیشگی اجازت کے بغیر اسٹیشن چھوڑنے کے مجاز نہیں ہوں گے۔
تاہم وفاقی آئینی عدالت کی چاروں برانچ رجسٹریاں عدالتی اور انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔
سڑکوں کی بندش کے باعث الیکشن کمیشن کی آج کی سماعتیں ملتوی
سڑکوں کی بندش کے باعث الیکش کمیشن نے آج ہونے والی سماعتیں ملتوی کر دی ہیں جبکہ متعدد کیسز کو ڈی لسٹ کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سینیٹ کے ضمنی انتخابات کی معطلی سے متعلق درخواست پر بھی آج سماعت نہیں ہوگی۔
امن مذاکرات ، اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ ، ریڈ زون سیل
ذرائع کے مطابق آئینی پیچیدگیوں کی بنیاد پر سینیٹ انتخابات روکنے کی درخواست پر سماعت اب کل ہوگی۔سڑکوں کی بندش اور آمد و رفت میں مشکلات کے باعث الیکشن کمیشن نے آج کے شیڈول میں شامل مقدمات کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کی صدر مسعود پزشکیان آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، ایرانی صدر کا دورہ سوئٹرزلیند میں امریکا کے ساتھ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات جس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا کے فوری بعد شروع ہورہا ہے۔
