اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، چکوال، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، گوجر خان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، تلہ گنگ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، میانوالی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
حکام کے مطابق گلگت بلتستان علاقوں اسکردو، دیامیر، استور، غذر، ہنزہ، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی، پونچھ، ہٹیاں، میرپور اور بھمبر میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، پاراچنار، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر جھیلیں پھٹنے کے خطرے سے بھی خبردار کیا ہے۔
ادھر بلوچستان کے تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میرا پاسپورٹ بلاک ہے، دوسرے صوبے کی وزیر اعلیٰ 12 ارب کے طیارے پر بیرون ملک دورے کر رہی ہیں، سہیل آفریدی
این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی تیاریوں کو یقینی بنایا جائے اور شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
