اسلام آباد: پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 70 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ جس کے تحت ملک میں مالیاتی شعبے کی اصلاحات اور انشورنس سیکٹر کی ترقی کے لیے معاونت فراہم کی جائے گی۔
ترجمان اقتصادی امور کے مطابق اے ڈی بی انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت پاکستان کو 700 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ جن میں سے 250 ملین ڈالر رعایتی شرائط پر دیئے جائیں گے۔
معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم جبکہ اے ڈی بی کی جانب سے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے دستخط کیے۔
اس موقع پر محمد حمیر کریم نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو پاکستان کا قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا مقصد مالیاتی شعبے کو مضبوط بنانا اور جامع اصلاحات متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ’’اڑان پاکستان‘‘ اور سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے 5 سالہ روڈ میپ کی تکمیل میں معاون ثابت ہو گا۔ پروگرام قومی مالیاتی شمولیت اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق حکومتی پالیسی اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی نے 407 کھرب روپے سے زائد کے لازمی اخراجات کی منظوری دے دی
اے ڈی بی کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر حسین حیدر نے پروگرام کو انشورنس شعبے کے لیے ایک اہم اور انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انشورنس کمپنیوں کے درمیان منصفانہ مسابقت کو فروغ ملے گا اور شعبے کی مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
