امیرجےیو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ حکمراں حکومت چلانے کے اہل نہیں،آج ہر پاکستانی کو امن کی تلاش ہے
چارسدہ میں شہید اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا شیخ ادریس کی شہادت ایک خاندان کی شہادت نہیں،مولانا شیخ ادریس کی شہادت پوری امت کا نقصان ہے،مولانا شیخ ادریس کی روح زند ہ ہے،اس سرزمین پر اسلام کا انقلاب برپا کرکے دکھائیں گے ۔
شیخ ادریس کی شہادت سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے،دشمن سن لیں !تم ہمارا کتنا خون بہائوگے،ہم جھکنے اور ڈرنے والے نہیں،ہماری پشت پر 200 سال کی طویل تاریخ ہے۔
جب تک برصغیر کی قیادت علماء کے ہاتھ میں تھی ،ہر طرف امن تھا،علماءسے قیادت چھین کر ہر طرف فساد برپا کیا گیا،لسانیت اور قومیت کے نام پر نفرتیں پھیلائی گئی،ہم نےنفرتوں کے نظریات اور نعروں کو مسترد کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اور پختون خوا میں انسانی خون ارزاں ہو گیا ہے،نام اسلام کا لیا جاتا ہے اور خون مسلمانوں کا بہاتے ہیں،دہشت گردی دیگر اسلامی ممالک میں کیوں نہیں ؟افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی کیوں ؟عالمی استعماری قوتیں اپنے مفادات کے لیےدہشت گردی کر رہے ہیں۔
