لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عام آدمی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت غریب اور متوسط طبقے کے لیے عملی طور پر کیا کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت فوری طور پر 225 روپے فی لیٹر کی جائے اور پیٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے شہریوں اور کاروباری طبقے کو ریلیف مل سکے۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تقریب کل متوقع ہے اور اس عمل میں پاکستان اور قطر نے مثبت اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مسلسل جنگ بندی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ان کے بقول اسرائیل نے لبنان پر حملے کرکے ہزاروں بے گناہ افراد کو نشانہ بنایا اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دی۔
تیل مزید سستا ہو گیا، پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جب تک اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں اور مبینہ دہشت گردی کو نہیں روکا جاتا، خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جن علاقوں پر اسرائیل نے قبضہ کیا ہے وہ فلسطینیوں کی سرزمین ہیں اور فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے حکومت پاکستان اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
