لاہور میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے بہترین سائنسدانوں اور محققین کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن رانا سکندر حیات نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، نامور سائنسدانوں، محققین اور تعلیمی ماہرین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی جامعات کا مجموعی بجٹ 2 ارب روپے سے بڑھا کر 25 ارب روپے کر دیا گیا ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
صوبائی وزیرنے کہا کہ پنجاب کی تمام جامعات میں تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ سرکاری جامعات میں طلبہ کے داخلوں کی شرح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ سی ایس ایس امتحان میں کامیاب ہونے والے تقریباً 40 امیدوار پنجاب یونیورسٹی سے تعلق رکھتے ہیں، جو اس ادارے کی تعلیمی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
رانا سکندر حیات نے سائنسدانوں اور محققین کی خدمات کو ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔
