نئی دہلی: بھارتی ریاست آسام میں بھارتی فضائیہ کا ٹرانسپورٹ طیارہ اے این-32 حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں فضائیہ کے 5 اہلکار ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے کے انجن میں دوران پرواز آگ بھڑک اٹھی تھی۔ تاہم لینڈنگ کی کوشش کے دوران طیارہ ایئر فورس اسٹیشن کی حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے فوری بعد امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
بھارتی فضائیہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد فضائیہ کے اہلکار تھے۔ حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
بھارتی ریاست آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
واضح رہے کہ اے این-32 بھارتی فضائیہ کا اہم ٹرانسپورٹ طیارہ ہے جو دشوار گزار علاقوں، بلند پہاڑی مقامات اور خراب موسمی حالات میں سامان اور اہلکاروں کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی تدفین کی تاریخ طے، شیڈول جاری
اس سے قبل بھی آسام میں بھارتی فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ مشن کے دوران ریڈار سے غائب ہوگیا تھا، جس کے بعد اس کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ یہ حالیہ حادثہ بھارتی فضائیہ کو پیش آنے والے فضائی حادثات کی ایک اور کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
