عمران خان نے لاہور میں خواجہ سعد رفیق کو شکست دے دی

عمران خان نے لاہور میں خواجہ سعد رفیق کو شکست دے دی | urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پاکستان تحریک انصاف سربراہ عمران خان نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 سے ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق کو شکست دے دی۔

الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والے غیرحتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار عمران خان نیازی 84 ہزار 313 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے ہیں۔ وہ محض چند سو ووٹوں کی اکثریت سے نشست حاصل کر سکے ہیں کیونکہ سعد رفیق کے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد 83 ہزار 633 ہے۔

تین لاکھ 64 ہزار 213 ووٹرز پر مشتمل حلقہ میں ایک لاکھ 91 ہزار 546 ووٹ ڈالے گئے، 2835 ووٹ مسترد ہوئے جب کہ ایک لاکھ 88 ہزار 711 ووٹ درست قرار دیے گئے۔

عام انتخابات 2018 کے دوران اس حلقہ میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب 52 اعشاریہ 59 فیصد رہا۔

عمران خان خواجہ سعد رفیق کو بمشکل شکست دے پائے
عمران خان خواجہ سعد رفیق کو بمشکل شکست دے پائے

ن لیگ کا مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے لاہور سے تحریک انصاف متعدد نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے تاہم عمران خان کی کامیابی کا معمولی مارجن توقعات کے برخلاف رہا ہے۔

یہ بھی دیکھیں: لائیو: الیکشن 2018، قومی اسمبلی کے نتائج

تحریک انصاف سربراہ عمران خان لاہور کے علاوہ میانوالی، اسلام آباد، کراچی اور بنوں سے بھی قومی اسمبلی کے لیے انتخاب لڑ رہے تھے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق انہوں نے پانچوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔


متعلقہ خبریں