لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 115 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 254 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں گلین فلپس 44 اور ڈیون کونوے 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم کوئی بھی بیٹر ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس اٹکنسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اولی رابنسن اور جوش ٹنگ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جرمن ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر زیوریو نے فرنچ اوپن جیت لیا
میچ کا آغاز انگلینڈ کے لیے مایوس کن رہا تھا جب میزبان ٹیم پہلی اننگز میں صرف 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، ہیری بروک 56 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم انگلش بولرز نے شاندار جوابی وار کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو پہلی اننگزمیں محض 113 رنز پرمحدود کردیا، اولی رابنسن نے 5 وکٹیں لے کرکیویز بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا، جبکہ کائل جیمیسن 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
دوسری اننگز میں انگلینڈ نے بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے 226 رنز اسکور کیے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 254 رنز کا ہدف دیا۔ ایمیلیو گے 57 رنزکے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جبکہ نیتھن اسمتھ نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی یہ فتح ٹیم کے مضبوط اعصاب اورشاندار بولنگ کا مظہر ثابت ہوئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 17 جون سے اوول میں کھیلا جائے گا۔
