محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج پشاور میں موسم گرم اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جبکہ صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دیر، چترال، سوات، کوہستان اور مالاکنڈ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ پشاور، مردان، ہنگو اور کرم کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ میدانی اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے،گزشتہ روز کاکول میں 3 ملی میٹر جبکہ پاراچنار میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔
کم از کم ماہانہ اجرت 45 ہزار مقرر کرنے کی سفارش
سندھ کے مختلف علاقو ں میں مٹی کا طوفان آیا، اسلام آباد راولپنڈی سمیت جہلم، گجرات، سرگودھا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔
