اسلام آباد: جنوبی پنجاب کی پہلی نجی ریجنل ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے کراچی، گوادر اور سکھر کے لیے ٹیسٹ پروازیں کامیابی سے مکمل کر لی ہیں۔ جس کے بعد ایئرلائن کے باقاعدہ فضائی آپریشن کے جلد آغاز کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق ٹیسٹ پروازوں کے دوران پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے انسپکٹرز نے طیاروں کی کارکردگی، حفاظتی اقدامات اور آپریشنل نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ساؤتھ ایئر جون کے پہلے ہفتے سے باقاعدہ فضائی آپریشن شروع کرے گی۔ جبکہ ابتدائی مرحلے میں کراچی سے کوئٹہ، گوادر اور تربت کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔
ایئرلائن کے مطابق ساؤتھ ایئر کا مقصد ملک کے بڑے شہروں کو دور دراز اور کم سہولیات والے علاقوں سے منسلک کرنا ہے تاکہ علاقائی فضائی رابطوں کو فروغ دیا جا سکے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ مستقبل میں اسلام آباد، سکھر، ملتان، پشاور، لاہور اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں کے لیے بھی ریجنل فلائٹس آپریٹ کی جائیں گی۔ جبکہ شمالی علاقوں گلگت اور اسکردو کے لیے بھی پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے کا ہیٹ ویو الرٹ، 31 مئی تک ملک بھر میں شدید گرمی کی پیشگوئی
ساؤتھ ایئر انتظامیہ کے مطابق ایئرلائن نے اپنے فلیٹ میں دو اے ٹی آر 72-600 طیارے شامل کر لیے ہیں۔ جبکہ مزید دو طیارے بھی جلد فلیٹ کا حصہ بن جائیں گے۔
