صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل روابط ترقی اور عوامی خدمات کیلئے ناگزیر ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے عالمی یوم ٹیلی کمیونی کیشن و انفارمیشن سوسائٹی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈیجیٹل روابط آج تعلیم، صحت، تجارت اور عوامی خدمات کی بنیادی ضرورت بن چکے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں ڈیجیٹل رسائی معاشی مواقع اور معلومات تک پہنچ کا اہم ذریعہ ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 205 ملین سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ براڈبینڈ صارفین کی تعداد 161 ملین سے زائد ہو گئی ہے۔
صدر آصف علی زرداری کے مطابق حکومت ملک بھر میں ڈیجیٹل رسائی اور رابطہ کاری کے فروغ کیلئے مسلسل کوشاں ہے، جبکہ یونیورسل سروس فنڈ کے ذریعے لاکھوں افراد کو براڈبینڈ اور وائس سروسز فراہم کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فائبر نیٹ ورک کی توسیع اور سیٹلائٹ کمیونی کیشن ضوابط پر بھی کام جاری ہے۔ صدر مملکت نے زور دیا کہ قابلِ اعتماد رابطہ کاری معاشی ترقی اور مؤثر عوامی خدمات کیلئے ناگزیر ہے۔
صدر نے وزارت آئی ٹی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور موبائل آپریٹرز کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔
