پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں اس وقت اڑھائی کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیش کیے گئے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں تعلیم کی صورتحال تشویشناک حد تک ابتر ہے۔
وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے ایوان میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بنیادی تعلیم سے محروم ان بچوں کی عمریں 5 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔
وزارت تعلیم کی رپورٹ کے مطابق اسکول سے باہر بچوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے، جہاں اس وقت 90 لاکھ 60 ہزار بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں۔
سندھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں 70 لاکھ 82 ہزار بچے بنیادی تعلیم کی سہولت سے محروم ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں 40 لاکھ 92 ہزار بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہزار بچے تعلیم کی بنیادی سہولت حاصل نہیں کر پا رہے۔
حکومت کی جانب سے پیش کیے گئے یہ اعدادوشمار ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کی سنگین صورتحال کی نشاندہی کرتے ہیں۔
