دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتی عمل پر یقین رکھتا ہے اور اس ضمن میں تمام تر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم نے حال ہی میں قطر کے ہم منصب اور آذربائیجان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں جن میں باہمی دلچسپی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
🔴LIVE: Spokesperson’s Weekly Press Briefing 14-05-2026 at Ministry of Foreign Affairs, Islamabad https://t.co/xnfpwECQmO
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) May 14, 2026
میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار خطے اور دنیا کے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ اس سلسلے میں ان کی سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک بات چیت ہوئی جس میں سعودی عرب نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔ اسی طرح نائب وزیراعظم کی چینی وزیر خارجہ سے بھی بات ہوئی ہے جس میں چین نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور دونوں فریقین نے پائیدار جنگ بندی اور مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے امریکی خبر رساں ادارے سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کو قطعی طور پر مسترد کر دیا جس میں پاکستان میں ایرانی طیاروں کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسی خبریں حقائق کے برعکس ہیں اور پاکستان کی سرزمین پر کسی قسم کے غیر ملکی جنگی طیاروں کی موجودگی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
