وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کی سکیورٹی و معاشی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان نے بھارت کو وہ سبق سکھایا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔
اجلاس کے آغاز میں کابینہ اراکین نے شہدا کے لیے خصوصی دعا کی اور شہید لیاقت علی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت لیاقت شہید کو ستارۂ شجاعت دلوایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون سے اس دھرتی کی آبیاری ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” میں پوری قوم یک جان اور دو قالب تھی، جبکہ 10 مئی کو اس معرکے کو منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے بہادری سے دشمن کو شکست دی اور ملک بھر میں اس موقع پر تقریبات منعقد ہوئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے 28 مئی کو دفاع کے لیے ایٹمی قوت حاصل کی، جس کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو نے کیا اور اسے مکمل کرنے کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔
کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی طاقت کے بعد اب پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے بطور ٹیم دو سال میں نمایاں کوششیں کی ہیں۔
