پاکستانی فلم انڈسٹری کی سپر اسٹار مہوش حیات نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والا مشہور آئٹم سانگ ’بلی‘ دراصل ان کی زندگی کے بہترین فیصلوں میں سے ایک تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے اپنے فنی سفر اور ڈراموں سے فلموں کی جانب منتقلی کے دلچسپ تجربات شیئر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’بلی‘ پر پرفارم کرنا ان کے لیے ایک بڑا اور بولڈ قدم تھا جو کسی بھی سمت جا سکتا تھا۔
مہوش حیات نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران وہ تھکن اور جسمانی چوٹوں کا شکار ہونے کے باوجود کافی پرجوش تھیں۔ اداکارہ کے مطابق انہیں ہمیشہ سے یقین تھا کہ ان کا چہرہ بڑے پردے کے لیے موزوں ہے، اور اس بات کی تصدیق سینئر اداکار جاوید شیخ نے بھی ایک ڈرامے کے دوران انہیں یہ کہہ کر کی تھی کہ ان میں فلم اسٹار بننے کی تمام خوبیاں موجود ہیں۔
اسی شو میں اداکار فہد مصطفیٰ نے شوٹنگ کا ایک مضحکہ خیز واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ مہوش حیات کی پرفارمنس اس قدر جاندار تھی کہ جس لوکیشن پر شوٹنگ ہو رہی تھی، اس کا مالک انہیں پرفارم کرتے ہوئے دیکھنے میں اتنا محو ہوا کہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اور اونچائی سے گر پڑا۔
واضح رہے کہ یہ جوڑی ایک بار پھر بڑی اسکرین پر فلم ‘زومبیڈ’ (Zombied) میں نظر آئے گی، جو رواں سال عیدالاضحیٰ پر ریلیز کے لیے تیار ہے۔
