واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کا افزودہ یورینیم ملبے تلے دبا ہوا ہے، تاہم امریکا وہاں تک پہنچ جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا کہ اگر کسی نے ایرانی افزودہ یورینیم تک رسائی حاصل کرنے یا اسے منتقل کرنے کی کوشش کی تو امریکا کو فوری طور پر اس کا علم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی کسی بھی کوشش میں ملوث عناصر کو فوری نشانہ بنایا جائے گا۔ امریکا خطے میں ایران کی ہر سرگرمی پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی خطرناک پیشرفت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ ایران کے خلاف جنگی کارروائیاں مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں۔ ایران میں اب بھی کئی اہم اہداف موجود ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو امریکا دوبارہ حملے کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا اسرائیل میں مستقل فوجی اڈے قائم کرنے پر غور
انہوں ںے کہا کہ حالات کے مطابق امریکا مزید دو ہفتوں تک ایران پر حملے جاری رکھ سکتا ہے۔ واشنگٹن کی اولین ترجیح خطے میں استحکام اور ایران کو ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے سے روکنا ہے۔
