وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں علاقائی صورتحال اور خطے میں جاری امن کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور امن اقدامات کی کامیابی کے لیے تمام فریقین کے درمیان تعمیری رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کا اعادہ کرتے ہوئے امن کے لیے قطر کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ریاست قطر کے امیرشیخ تمیم بن حمد الثانی کے لیے تہہ دل سے نیک تمناؤں اور تہنیتی پیغام کا اظہار بھی کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وہ امیر قطر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، اس دورے سے پاک قطر شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔
