صوبائی وزیر ایکسائز سندھ مکیش کمار چاولہ نے گاڑیوں کے مالکان کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے گاڑیوں کی منتقلی (ٹرانسفر) کے لیے لازمی قرار دی گئی نادرا بائیو میٹرک تصدیق کی مدت میں 30 جون 2026 تک توسیع کر دی ہے۔
اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل میں درپیش مشکلات سے نجات دلانا ہے۔
محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفیکیشن کے مطابق اب گاڑیوں کے خریدار 30 جون 2026 تک فروخت کنندہ کی نادرا بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر بھی اپنی گاڑیاں اپنے نام منتقل کروانے کے اہل ہوں گے۔
اس رعایت سے پرانے مالکان کی عدم موجودگی یا دیگر فنی وجوہات کی بنا پر ٹرانسفر میں دشواری کا سامنا کرنے والے لوگوں کو خاص طور پر فائدہ پہنچے گا۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عوام پر بوجھ کم ہوگا اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے عمل میں تیزی آئے گی۔
محکمہ ایکسائز نے تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ وہ نوٹیفیکیشن کے مطابق شہریوں کو سہولت فراہم کریں تاکہ مقررہ مدت تک زیادہ سے زیادہ لوگ اس رعایت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
