اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے سندھ میں ایک نئے اور شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا۔ جس کے دوران درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی اور بالائی سندھ کل سے 11 مئی تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اس دوران شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر سمیت کئی اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق ان علاقوں میں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ جس کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو خاص طور پر سورج کی براہ راست تپش سے بچایا جائے۔
شہریوں کو دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچا جا سکے۔
