اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بعض اوقات جنگلی درخت کاٹتے ہوئے غلطی سے دیگر قیمتی درخت بھی کٹ جاتے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے شجرکاری مہم کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بعض ایسے درخت بھی کاٹ دیئے گئے جو ماحول اور انسانی زندگی کے لیے فائدہ مند تھے۔ اور اس حوالے سے ہونے والی غلطیوں کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی مہم کے دوران ایک ہزار 400 درخت لگائے گئے ہیں۔ اور صرف شجرکاری ہی نہیں بلکہ ان درختوں کی حفاظت بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض اوقات جنگلی شہتوت کے درخت کاٹتے ہوئے غلطی سے دیگر قیمتی درخت بھی کٹ جاتے ہیں۔ تاہم آئندہ اس حوالے سے زیادہ احتیاط برتی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ شجرکاری مہم ہم نیٹ ورک کے تعاون سے منعقد کی گئی۔ جس پر انہوں نے خصوصی شکریہ بھی ادا کیا، جبکہ ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی کا بھی خصوصی طور پر ذکر کیا۔
مصدق ملک نے کہا کہ ملک میں ماحولیاتی بہتری کے لیے درخت لگانا ناگزیر ہے اور 2024 میں ایئر کوالٹی انڈیکس انتہائی خراب سطح پر رہا۔ ماحول کو بہتر بنانے کا سب سے مؤثر طریقہ شجرکاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شیما کرمانی کیس: مبینہ بدسلوکی پر پولیس افسران معطل
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد سمیت پورے پاکستان کو دوبارہ سرسبز و شاداب بنایا جائے گا تاکہ آنے والی نسلوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
