امریکی میڈیا کی جانب سے کیے گئے ایک تازہ ترین سروے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی اور جسمانی صحت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صدارتی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ، اے بی سی نیوز اور اپسوس کے اشتراک سے کیے گئے اس سروے کے مطابق 59 فیصد امریکیوں کا خیال ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی صلاحیت اس درجے کی نہیں کہ وہ ملکی قیادت کے اہم فرائض انجام دے سکیں۔
سروے میں شامل شہریوں کی اکثریت نے رائے دی کہ صدر ٹرمپ بطور کمانڈر ان چیف مؤثر خدمات انجام دینے کے لیے جسمانی اور ذہنی طور پر موزوں نہیں ہیں۔
دوسری جانب 40 فیصد امریکیوں نے اب بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے انہیں ملکی قیادت کے لیے مکمل اہل قرار دیا ہے، جبکہ ایک فیصد شہریوں نے اس حساس معاملے پر کسی بھی قسم کی رائے دینے سے گریز کیا۔
واضح رہے کہ اپنی صحت کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف کافی مختلف رہا ہے۔ وہ متعدد بار عوامی سطح پر یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ وہ آج بھی خود کو اتنا ہی توانا اور چاق و چوبند محسوس کرتے ہیں جتنا وہ پچاس سال پہلے محسوس کرتے تھے۔
