اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے اسٹاک کو تسلی بخش قرار دے دیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور سپلائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے وزارت پٹرولیم کے حکام نے بتایا کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کا موجودہ اسٹاک تسلی بخش ہے۔ جبکہ مئی 2026 کے تیسرے ہفتے تک پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
حکام کے مطابق سپلائی چین کی مؤثر نگرانی کے لیے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کو فعال کر دیا گیا ہے۔ جو روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور دستیابی کا جائزہ لے رہی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ این سی ایم سی مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں آئی پی پیز اور پیٹرول مافیا کیخلاف بڑی تحریک چلانے کا اعلان
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایندھن کی دستیابی برقرار رکھنے پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات جاری رکھے جائیں۔
