کراچی: شہر قائد میں آج رواں سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا۔ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا۔ جبکہ مختلف علاقوں سے 8 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی میں 2 افراد کی اموات ہیٹ اسٹروک کے باعث ہوئیں۔ جن میں ایک شخص جمالی پل کے قریب بے ہوش پایا گیا اور اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود جانبر نہ ہو سکا۔
مزید لاشیں بوٹ بیسن، لیاقت آباد پل، سرجانی ٹاؤن، ڈیفنس فیز 8 اور بلدیہ کے مختلف علاقوں سے برآمد ہوئیں۔ ان میں ایک مزدور سمیت کئی افراد شامل ہیں جبکہ کچھ کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
اسی طرح دو افراد جھیل پارک کے قریب بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں کمی، پاکستان نے بھارت سے وضاحت طلب کر لی
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ نمی کی انتہائی کم سطح اور گرم ہوائیں صورتحال کو مزید خطرناک بناتی رہیں۔
