سعودی وزارت حج و عمرہ نے کم عمر بچوں کے حوالے سے اپنی حالیہ پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے سابقہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
نئی ہدایات کے مطابق 15 سال سے کم عمر بچوں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے جبکہ 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو دوبارہ حج کی اجازت دے دی گئی ہے اس اقدام کو خصوصاً پاکستانی حجاج کے لیے بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمر کی حد میں نرمی سے متعلق پہلے جاری کیے گئے فیصلے کو منسوخ کرتے ہوئے پرانی پالیسی بحال کر دی گئی ہے۔
سعودی عرب کی طرف سے حج کے لیے عمر کی نئی حد مقرر، 15 سال سے کم عمر افراد پر پابندی
اس کے ساتھ ہی وہ ویزا درخواستیں جو عمر کی نئی شرط کے باعث مسترد ہو گئی تھیں، اب دوبارہ پراسیس کی جائیں گی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل حج کی طرف سے جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ درخواست گزار اپنی درخواستیں دوبارہ جمع کرائیں تاکہ انہیں حج کے لیے شامل کیا جا سکے۔
اس فیصلے کے بعد ہزاروں خاندانوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے جو بچوں کے ہمراہ فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند تھے۔
