وفاقی حکومت نے دوہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے تمام افسران کا مکمل ریکارڈ جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے افسران سے ان کی دوہری شہریت کے حوالے سے تفصیلی معلومات طلب کی ہیں، جن میں افسر کا نام، والد کا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، سروس گروپ، ایکس کیڈر، موجودہ محکمہ اور تعیناتی کی جگہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ افسران کے موجودہ سکیل اور پاکستان کے علاوہ کسی دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنے کی مخصوص تاریخ بھی طلب کی گئی ہے۔
یہ تمام تفصیلات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ کی ہدایت پر اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے وفاقی بیوروکریسی میں موجود دوہری شہریت کے حامل افسران کی مکمل فہرست طلب کی ہے تاکہ اس معاملے پر قانون سازی یا پالیسی سازی کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔
حکومت کے اس اقدام سے وفاقی اداروں میں کھلبلی مچ گئی ہے اور اسے دوہری شہریت رکھنے والے افسران کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔
