کراچی سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ ریان حبیب احمد نے امریکا میں منعقدہ دنیا کے مشکل ترین مقابلوں میں شمار ہونے والے آئرن مین ٹرائتھلون کو مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔
ٹیکساس کے شہر دی ووڈ لینڈز میں ہونے والے اس سخت مقابلے میں ریان نے ایک ہی دن میں بغیر کسی وقفے کے تین مرحلے مکمل کیے، جن میں 3.8 کلومیٹر اوپن واٹر سوئمنگ، 180 کلومیٹر سائیکلنگ اور 42.2 کلومیٹر مکمل میراتھون شامل تھی۔
View this post on Instagram
انہوں نے یہ تمام مراحل 15 گھنٹے، 20 منٹ اور 6 سیکنڈز میں مکمل کیے، جو مقررہ 17 گھنٹے کی حد کے اندر ایک قابل ذکر کارکردگی ہے۔ مقابلے کے دوران شدید گرمی، نمی اور تیز ہواؤں جیسے چیلنجز بھی شامل تھے۔
فنش لائن پر پہنچنے کے بعد ریان حبیب احمد نے پاکستانی پرچم لہرا کر اپنی کامیابی کا جشن منایا۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے اس مقابلے کو زندگی کا مشکل ترین تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے نوجوانوں کو اسپورٹس کی جانب راغب کرنا چاہتے ہیں۔
