پاکستانی اداکارہ اور مارننگ شو میزبان فضا علی نے اپنے پروگرام میں نشر ہونے والے متنازع منظر پر عوامی ردعمل کے بعد ناظرین سے معذرت کرلی، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کی معذرت کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
مارننگ شو کے دوران فضا علی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ان کے اہلِ خانہ پروگرام میں شریک ہوئے تھے، جہاں ایک مخصوص لمحہ ناظرین کو ناگوار گزرا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ خوشی اور جذبات کے اظہار میں موقع اور ماحول کی مناسبت کو مدنظر رکھا جانا چاہیے تھا۔
فضا علی کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی پوری ٹیم اس معاملے پر ناظرین سے معذرت خواہ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ لوگ ان کی معافی قبول کریں گے۔
View this post on Instagram
تاہم سوشل میڈیا پر اس وضاحت کو ملے جلے نہیں بلکہ زیادہ تر منفی ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔ متعدد صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ ریٹنگ کے حصول کے لیے جان بوجھ کر متنازع مواد پیش کیا جاتا ہے اور بعد میں رسمی معذرت کے ذریعے معاملہ دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
کئی صارفین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کی معافی قبول نہیں‘‘، جبکہ بعض نے اسے محض ڈرامہ قرار دیا۔ کچھ تبصروں میں کہا گیا کہ اگر واقعی احساس تھا تو ایسے مناظر بار بار پیش نہیں ہونے چاہیے تھے۔

یاد رہے کہ حالیہ لائیو شو کے دوران فضا علی کے شوہر نے انہیں کندھوں پر اٹھا لیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید بحث چھڑ گئی تھی۔ صارفین کی بڑی تعداد نے اسے نامناسب قرار دیتے ہوئے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
View this post on Instagram
بعد ازاں پیمرا نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ چینل سے وضاحت طلب کرلی۔ ریگولیٹری ادارے کا کہنا تھا کہ براڈکاسٹرز پر لازم ہے کہ نشریات کے دوران پیشہ ورانہ معیار اور اخلاقی ضوابط کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔
